• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کے الیکٹرک اور بلدیاتی اداروں کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے تنازعات کو حل کرنے کے سلسلے میں اعلی سطحی اجلاس

Nov 14, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت کے الیکٹرک اور بلدیاتی اداروں کے مابین بجلی کے حالیہ اور گزشتہ بلوں کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں جاری تنازعات اور مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تنازعات کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے گا۔ بلدیاتی اور کے الیکٹرک اداروں کے درمیان نئے اور پرانے بلوں کے حوالوں سے جاری تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کے الیکٹرک نے بلدیاتی اداروں خصوصا ڈی ایم سیز کے اور بجلی کے بلوں کی مد میں واجبات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا اور اجلاس سے درخواست کی کہ بجلی کے کرنٹ بلوں کی ادائیگی تسلسل سے کی جائے جبکہ پرانے واجبات کے سلسلے میں حائل دشواریوں کو بھی دور کیا جائے کیونکہ انہیں بھی دیگر ادداروں بشمول را مٹیریل کی خریداری کے سلسلے میں ادائیگی کے حوالے سے دشواریوں کا سامنہ ہے، اگر ادائیگیاں تسلسل سے نہ کی گئیں تو بجلی فراہم کرنے کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اجلاس میں بلدیاتی اداروں کے چیئرمنوں اور میونسپل کمشنرز نے اپنی اپنی ڈی ایم سیز کے حوالے سے کے الیکٹرک کے بلز اور واجبات کے سلسلے میں تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنی تنصیبات بشمول الیکٹرک پول، پی ایم ٹیز، زیر زمین کیبلز وغیرہ لگانے کے واجبات ڈی ایم سیز کو ادا کرے۔ تمام ڈی ایم سیز کے چیئرمنوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز شیخ کے شکر گذار ہیں جوکہ مسائل کے حل کے سلسلے میں انتہائی سنجیدگی سے دلچسپی لے رہے ہیں، اسکے ساتھ ہی دیگر مسائل کے حل کے سلسلے میں کوشاں ہیں۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ کراچی نہ صرف ہمارا بلکہ ہم سب کا ہے اور یہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک کے تمام اسٹیک ہولڈرز اسے اون نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کی ہدایت ہے کہ جس کا حق ہے اسے دیا جائے اور کسی بھی ادارے کے ساتھ زیادتی نہ کی جائے اور نہ ہی ہونے دی جائے۔ کے الیکٹرک اور ڈی ایم سیز کے ساتھ پورا انصاف کیا جائے گا اور مل بیٹھ کر تمام تنازعات و مسائل حل کئے جائیں گے ۔ ڈی ایم سیز کے چیئرمین منتخب نمائندے ہیں جن کی ہم قدر کرتے ہیں اور ان کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ ڈی ایم سیز کے مسائل عوام کے مسائل ہیں اور پی پی کی حکومت کے نزدیک عوام اور ان کے مسائل سب سے اہم ہیں۔ صوبائی وزراء نے ڈی ایم سیز کے چیئرمنوں کو یقین دلایا کہ پیمرا کے حوالے سے جو مسائل درپیش ہیں، پیمرا کے ساتھ چیئرمنوں کا اجلاس منعقد کرائیں گے اور بیٹھ کر تمام مسائل حل کرائے جائیں گے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سید ناصر حسین شاہ کے ساتھ تمام ڈسٹرکٹ کے چیئرمنوں کی وزیراعلی سندھ سے ملاقات کا خصوصی اہتمام کرایا جائے گا جبکہ وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ بھی اس موقع پر موجود ہونگے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلے کیا گیا کہ بجلی کے کرنٹ بلز کی ادائیگی فوری طور پر جاری رہے گی تاکہ بجلی کی ترسیل میں کسی بھی قسم کا تعطل نہ ہونے پائے اور جو دیگر واجبات ہیں ان کے تنازعات کو دونوں جانب سے تحفظات دور کرکے حل کرلیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں کے الیکٹرک کی جانب سے روڈ کٹنگ کے واجبات کو ڈی ایم سیز کو ادائیگی کے سلسلے میں بھی خصوصی طور پر حل کیا جائے گا۔ کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو افسر مونث علوی نے بجلی کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز شیخ کا خصوصی طور پر شکر یہ ادا کیا اور بھرپورتعاون پر ان کی تعریف کی۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ، سیکریٹری محکمہ توانائی سندھ، کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین، میونسپل کمشنرز اور ڈسٹرکٹ کونسل کے نمائندے، کے الیکٹرک کے سی ای او کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی شریک تھے۔