اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)رہبر کمیٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کے معاملے پرچیف الیکشن کمشنر نے رہبر کمیٹی کی درخواست منظور کر لی
نجی ٹی وی دنیا نیوزکے مطابق الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فارن فنڈنگ کیس کو جلد نمٹائے ۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)رضا خان اور ممبر خیبرپختونخوا جسٹس (ر)ارشادقیصرنے فیصلہ سنایا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سماعت کیلئے پہلے ہی 26 نومبر کی تاریخ مقرر کر چکا ہے، 26 نومبر سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ایسے اکاؤنٹس پر جواب مانگ رکھا ہے جو سالانہ گوشوراروں میں ظاہر نہیں کیئے گئے تھے۔
رہبر کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بدھ کے روز درخواست دائر کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے سے قبل تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے اور اس مقصد کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کو کام سے روکا جائے۔
اپوزیشن کے اقدام اور اس پر الیکشن کمیشن کا جواب آنے پر حکومت نے بھی ردعمل دیا ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم اپنے موقف اور نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں،دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں۔
گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے بھی کارکنوں کو پیغام دیا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پر پریشان نہ ہوں اس میں کچھ نہیں ہے۔
پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی ،الیکشن کمیشن نے رہبر کمیٹی کی روزانہ سماعت کی درخواست منظورکرلی، حکومتی ردعمل بھی آگیا
