• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کڈنی ہل پارک میں 219 فٹ بلند ترین پہاڑی پر پختہ پول کے ساتھ قومی پرچم لہرا دیا گیا

Nov 26, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کڈنی ہل پارک میں 219 فٹ بلند ترین پہاڑی پر پختہ پول کے ساتھ قومی پرچم لہرا دیا، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے چیف فائر آفیسر تحسین احمد صدیقی اور فائر بریگیڈ کے دیگر عملے کے ہمراہ قومی پرچم کو بلند کیا، 219 فٹ بلند پہاڑی پر 40 فٹ اونچے کھمبے پر 12×18 اسکوائر فٹ کا قومی پرچم شہر کے مختلف علاقوں سے نظر آتا ہے، شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں نے اس پرچم کشائی کا مظاہرہ دیکھا، قومی پرچم اب مستقل بنیادوں پر اس بلند پہاڑی پر لہراتا رہے گا، قومی پرچم لگائے جانے کے موقع پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے، کڈنی ہل پارک (احمد علی پارک) شہر کے انتہائی اہم علاقے دھوراجی کالونی میں رنگون والا ہال کے عقب میں 62 ایکڑ رقبے پر مشتمل وہ مقام ہے جہاں گزشتہ کئی سالوں سے شہر بھر کا کوڑا کرکٹ پھینکا جا رہا تھا جبکہ مختلف مافیا کی جانب سے یہاں غیرقانونی تعمیرات بھی بنالی گئی تھیں، سپریم کورٹ کی ہدایت پر مذکورہ جگہ کو اس کی اصل حالت میں واپس لانے کے لئے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کی زیر نگرانی یہاں مختلف کاموں کا آغاز ہوا جس کے پہلے مرحلے میں غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں ٹن کچرا اور غلاظت کے ڈھیر یہاں سے صاف کئے گئے، اس پارک میں ہونے والے تمام کاموں میں اس بات کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پر یہاں ہونے والے کاموں کا مالی بوجھ نہ پڑے بلکہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے پارک میں مختلف نوعیت کے کام کرائے جائیں،سپریم کورٹ کے احکامات پر اس جگہ کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے گزشتہ تین ماہ سے مستقل کام جاری ہے جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کی افرادی قوت اور بھاری مشینری حصہ لے رہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اس پارک کو مکمل کرکے افتتاح کے بعد عام شہریوں کے لئے کھول دیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ اس پارک کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کے لئے جتنے بھی کام کئے جارہے ہیں اس میں اس بات کا خاص خیال رکھا جارہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پر کوئی اضافی مالی بوجھ نہ پڑے اور مخیر حضرات اور مختلف اداروں کے تعاون سے اس پارک کی تعمیر کو مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک (احمد علی پارک) میں مختلف اقسام کے درخت اور پودے پہلے سے موجود ہیں جبکہ یہاں مزید پودے لگائے جا رہے ہیں تاحال تقریباً 18ہزار سے زائد بڑے سائز کے پودے لگائے جاچکے ہیں جبکہ اس پارک میں تقریباً ایک لاکھ بڑے پودے لگانے کا ٹارگیٹ ہے، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے بالخصوص کراچی کے شہریوں کے لئے یہ پارک ایک عظیم تحفہ ہوگا، یہاں کسی بھی پودے اور درخت کو نقصان پہنچائے بغیر کام کیا جارہا ہے، بعض درختوں کو چھتری کی صورت دی گئی ہے جس سے اس پارک کی خوبصورتی میں اور زیادہ اضافہ ہورہا ہے، انہوں نے بتایا کہ پارک میں جو بڑے پودے لگائے جارہے ہیں ان میں گل مہر، پیپل، جنگل جلیبی، لال بادام ، انجیر، نیم، ربڑ پلانٹ، امرود، چیکو، برگد، ناریل ، کھجور، آم، انار، نیبو، املی، جامن، کسٹرڈ ایپل، انگور، امل تاس، سانجنا اور کیس سیا یلو شامل ہیںجبکہ سینکڑوں کی تعداد میں ایسے پودے بھی ہیں جن سے دنیا بھر میں دوائیاں بنتی ہیں، اس پارک کی تعمیر میں ماہرین کا تعاون حاصل ہے۔