ایڈلیڈ(ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا آغاز ہوگیا، کینگروز نے قومی ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنا لیے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ جاری ہے، ڈیوڈ وارنر اور جوائے برن کریز پر موجود ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ امام الحق، محمدعباس اور محمدموسیٰ ٹیم میں شامل ہوگئے۔حارث سہیل، عمران خان سینئر اور نسیم شاہ کو ٹیم سے آئوٹ کردیا گیا۔
ٹاس کے بعد کومنٹیٹر سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ دیکھتے ہوئے ہم پہلے بولنگ ہی کرنا چاہتے تھے، ہم نے گزشتہ میچز میں تیسرے اور چوتھے دن اچھا کھیلا، کوشش کریں گے آج بھی اچھا کھیلیں۔مصباح کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد کیا قومی ٹیم آج پہلی کامیابی حاصل کرپائے گی یہ ایک سوالیہ نشان ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہوا ہے، جبکہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراﺅنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔
ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم سیریز ہارنے کی صورت میں پی سی بی بڑے فیصلے کرسکتی ہے۔
ایڈلیڈ ٹیسٹ: آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری
