کولمبو (نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے،بندرانائیکے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کولمبو پہنچنے پر وزارت خارجہ سری لنکا کے ایڈیشنل سیکرٹری ایمبیسڈر پی سلوراج اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیر خارجہ پیر کے روز سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی دورے کےدوران نومنتخب صدرسری لنکا گوتابایا راجہ پکسے اور نومنتخب وزیراعظم مہندا راجہ پکسے سے ملاقات کریں گے اور سری لنکا کی قیادت سنبھالنے پر انہیں مبارکباد اور خیرسگالی کے جذبات پیش کریں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کے اپنے نئے ہم منصب دنیش گوناوردھنے سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں سری لنکا کے نئے وزیر خارجہ کے طورپر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک دیں گے۔ دونوں رہنماوں کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوں پر غور کیاجائے گا جبکہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی، گہرے اور خوشگوار دوطرفہ تعلقات استوار ہیں جو باہمی مفاد اور ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی اور وسیع البنیاد دوطرفہ تعلقات قائم ہیں جن میں سیاسی، تجارتی، کمرشل، دفاع کے علاوہ عوامی سطح پر روابط شامل ہیں جبکہ ثقافتی تبادلوں کو بھی سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اعلی سطحی دورے دونوں ممالک کے تعلقات کا ایک مستقل حصہ ہیں۔وزیر خارجہ اپنے مختصر دورہ ء سری لنکا کے دوران میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور خطے کی صورتحال اور اہم علاقائی امور پر پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیر خارجہ کا دورہ سری لنکا خصوصی اہمیت کا حامل ہے
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے
