• Tue. Apr 16th, 2024

بھارتی کرکٹ ٹیم کے قتل کی دھمکی پر مبنی ای میل کرنے والا پکڑا گیا، کہاں کا باشندہ ہے؟ بڑی خبر آگئی

Aug 23, 2019

نئی دلی (نمائندہ خصوصی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سمیت بھارتی کرکٹ ٹیم کو قتل کرنے کی دھمکی دینے والے ملزم کو بھارتی ریاست آسام سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کچھ روز پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ کو انڈین کرکٹ ٹیم پر حملے کی دھمکی پر مبنی ای میل موصول ہوئی تھی جس کے بارے میں آئی سی سی اور بی سی سی آئی کو آگاہ کردیا گیا تھا۔ پی سی بی کو ای میل ملنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی اسی قسم کی دھمکی آمیز ای میل کی گئی ۔

بی سی سی آئی نے ای میل کے بعد اینٹی ٹیرارزم سکواڈ (اے ٹی ایس ) مہاراشٹر سے رابطہ کیا جس نے تحقیقات کیں تو انکشاف ہوا کہ دھمکی آمیز برقی مراسلہ ریاست آسام سے بھجوایا گیا ہے۔ اے ٹی ایس نے آئی پی ایڈریس کی مدد سے ای میل بھیجنے والے 19 سالہ ملزم برج موہن داس کو گرفتار کرلیا۔

ملزم برج داس موہن آسام کے موریگاﺅں کا رہنے والا ہے اور اس نے دھمکی آمیز ای میل صرف بی سی سی آئی کو ہی نہیں کی بلکہ دیگر کرکٹ بورڈز کو بھی بھجوائی تھی ۔ اے ٹی ایس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں اسے 26 اگست تک کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا ہے۔