اسلا م آباد(نمائندہ خصوصی)احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 دسمبر تک توسیع کردی،عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں ایل این جی کیس کی سماعت ہوئی ،نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ریمانڈمکمل ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کردیا،ضمانت پر رہاہونے والے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئے،مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید اور مریم اورنگزیب بھی عدالتی کارروائی دیکھنے کیلئے احتساب عدالت پہنچے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ چیئرمین نیب نے شاہد خاقان عباسی کیخلاف ریفرنس کی منظوری دیدی ہے،چیئرمین نیب نے ریفرنس پر دستخط کردیئے ہیں ،ریفرنس میں شاہدخاقان،مفتاح اسماعیل اورعمران الحق کو ملزم نامزدکیا گیاہے،ایل این جی ریفرنس آج احتساب عدالت میں دائر کردیا جائے گا،نیب نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی،شاہد خاقان عباسی دوران سماعت روسٹرم پر آگئے،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے خلاف الزام کیا ہے کہ بتادیں،نیب پراسیکیوٹرنے کہاکہ ریفرنس میں سب کچھ ہوگا،بہت الزامات ہیں لیکن ابھی بتانے کی سٹیج نہیں آئی ،شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ شاید ابھی ان کو الزامات کا بھی نہیں پتہ،دنیا میں اس سے سستاایل این جی ٹرمینل نہیں لگ سکتاتھا،جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ انتظار کرلیں،آج ریفرنس آ جائے گا۔
دوران سماعت جج نے مفتاح اسماعیل کو بات کرنے سے روک دیا،مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نیب صرف تنگ کررہا ہے،جج محمد بشیر نے وکیل مفتاح اسماعیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں۔
عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 دسمبر تک توسیع کردی،عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت بھی دے دی۔
ایل این جی کیس،شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے ریمانڈ میں 16 دسمبر تک توسیع
