• Thu. Sep 19th, 2024

ایشیاءکپ کے ہیرو پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

Jan 1, 2020

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر اعزاز چیمہ نے قائداعظم ٹرافی کے رواں سیزن کا خاتمہ ہوتے ہی فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعزاز چیمہ نے قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کی جس نے گزشتہ روز کراچی میں فائنل میں ناردرن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔قائداعظم ٹرافی کے اختتام کے موقع پر اعزاز چیمہ نے فرسٹ کلاس سے بھی ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔
40 سالہ اعزاز چیمہ نے 140 فرسٹ کلاس میچز میں 572 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 7 ٹیسٹ اور 14 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 15 ستمبر 2011ءکو زمبابوے کے خلاف بولاوایو میں ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے اعزاز چیمہ نے ٹیسٹ میچوں میں 31.90 کی کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں۔
اعزاز چیمہ نے 14 ایک روزہ بین الاقومی اور پانچ ٹی 20 میچوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی اور بالترتیب 23 اور 8 وکٹیں لیں۔واضح رہے اعزاز چیمہ 2012ءمیں مصباح الحق کی قیادت میں ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے۔ایشیا کپ کے فائنل میں جب بنگلہ دیش کو آخری اوور میں جیت کیلئے صرف 9 رنز درکار تھے تو اعزاز چیمہ نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان رنز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا اور ٹیم کو 2 رنز سے فتح دلوائی تھی۔