• Tue. Sep 17th, 2024

پی ٹی آئی حکومت کا بڑا ’کارنامہ‘، بڑے صنعتکاروں اور کاروباری افراد کو سینکڑوں ارب روپے معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا

Aug 26, 2019

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت کی جانب سے بڑے صنعتکاروںاور کاروباری اداروں کو سینکڑوں ارب روپے کے بقایاجات معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جی آئی ڈی سی کی مد میں صنعت کاروں اورکاروباری افراد کے ذمے 456 ارب روپے کے بقایاجت ہیں، وفاقی کابینہ جنوری 2019 میں 50 فیصد بقایاجات معاف کرنے کی منظوری دے چکی ہے۔

228ارب روپے گیس انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ سیس کی مد میں معاف ہوں گے جبکہ بڑے صنعتکاروں اورکاروباری افرادکو 228 ارب روپے معاف کیے جائیں گے، 50فیصد رعایت کھادکارخانوں ، صنعتوں اورنجی پاورپلانٹس کو ملے گی جبکہ سی این جی اور کیپٹو پاورپلانٹ اور کے الیکٹرک کو بھی 50فیصد رعایت ملے گی۔

حکومت کے ان شعبوں کے ذمے2011 سے جون 2019 تک 456ارب روپے کے بقایاجات ہیں، وزارت خزانہ نے عدالتوں میں معاملہ ہونے پر 50 فیصد بقایاجات معاف کرنے کی تجویز دی تھی۔

کھاد کارخانوں کو 50فیصد کے حساب سے69ارب روپے معاف ہوں گے جبکہ سی این جی سیکٹرکو 40 ارب ،آئی پی پیز کو 4 ارب 80کروڑ روپے معاف ہوں گے۔ کے الیکٹرک کو 23ارب 70کروڑ روپے، کیپٹو پاور پلانٹس کو 45ارب 70 کروڑ روپے معاف ہوجائیں گے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جی آئی ڈی سی سیٹلمنٹ میکنزم کے لیے آرڈیننس جاری ہونے کا امکان ہے اور سیٹلمنٹ پر عملدرآمد کےلئے فرانزک آڈٹ کیا جائے گا، اداروں کوصارفین سے وصول کی گئی جی آئی ڈی سی کا 50فیصد جمع کرانا ہوگا۔