• Sat. Jul 27th, 2024

نیب مقدمات کے وعدہ معاف گواہان کو ضمانت ملے گی یا نہیں؟ ہائیکورٹ نے فیصلہ سنا دیا

Aug 26, 2019

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے قراردیاہے کہ نیب مقدمات کے وعدہ معاف گواہ ضمانت پر رہائی کے مستحق ہیں،مسٹر جسٹس علی باقر نجفی اور مسٹر جسٹس سرداراحمد نعیم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ آبزرویشن منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے مشتاق چینی کی ضمانت پر رہائی کے تحریری فیصلے میں دی ہے۔فاضل بنچ نے قراردیا کہ چیئرمین نیب ملزم کے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کرچکے ہیں، وعدہ معاف گواہ بننے کے پیش نظر ملزم ضمانت کا مستحق ہے،منی لانڈرنگ کیس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف حمزہ شہباز،مشتاق چینی،شاہد رفیق اور آفتاب سمیت متعدد ملزمان کوگرفتارکیا گیا،نیب نے منی لانڈرنگ انکوائری میں سلمان شہباز،نصرت شہباز سمیت قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے دیگراہل خانہ کو بھی نامزد کررکھا ہے۔اس کیس میں مشتاق چینی نے وعدہ معاف گواہ کے طور پر اپنا بیان نیب حکام کو قلمبندکروایا۔