• Thu. Sep 19th, 2024

یمنی فوج نے سعودی عرب کی آئل تنصیبات ،ہوائی اور فوجی اڈوں پر بڑے حملے کا دعویٰ کر دیا

Jan 31, 2020

صنعا(نمائندہ خصوصی)یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے یمنی فورسز کی جانب سے سعودی آئل کمپنی آرامکو، 2 ائیرپورٹس، فوجی اڈوں سمیت دیگر حساس مقامات کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے، سینکڑوں فوجیوں کے جاں بحق اورکئی فوجی اڈوں کی مکمل تباہی کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فورسز نے سعودی آرامکو آئل تنصیبات کے ساتھ ہی سعودی عرب کے ابہا و جیزان ہوائی اڈوں ، خمیس مشیط فوجی اڈے اور سعودی عرب کے دیگر حساس اور بنیادی اہداف کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یحیی سریع نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے مغربی شہر مارب کی جانب اپنی پیشقدمی جاری رکھی ہے اور مارب و الجوف صوبوں کے اضلاع اور دوہزار پانچ سو مربع کیلومیٹر سے زیادہ زمینیں دشمن کے قبضے سے آزاد کرا لیں ہیں۔یمنی فوجی ترجمان نے آپریشن میں ہزاروں فوجیوں کو جاں بحق ، زخمی اور قید کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یمنی فورسز نے صوبہ مارب کے ضلع صرواح اور صوبہ الجوف کے علاقے میں پانچ فوجی بریگیڈ کو تباہ کردیا ہے۔یمنی فوج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج ملک کی مکمل آزادی و خودمختاری تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی اور خارجی دشمن کے مقابلے میں یمن کا دفاع کریں گی۔