• Sat. Jul 27th, 2024

کشمیر میں بھارتی بربریت سے حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، ملیحہ لودھی

Aug 28, 2019

نیویارک(نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے لگایا جانے والا کرفیو اور انسانیت سوز پابندیاں چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئی ہیں۔اقوام متحدہ کے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل برائے پیس آپریشنز خالد خیری سے ملاقات کے دوران کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز راتوں میں چھاپے اور گرفتاریاں کر کے مقبوضہ وادی میں خوف و ہراس مزید بڑھا رہی ہے۔ملیحہ لودھی نے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، اقوام متحدہ کو کشمیر میں صورتحال کو ابتر ہونے سے روکنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ امن مشن کی تعداد بڑھا کر اسے مزید فعال بنایا جائے۔