• Sat. Jul 27th, 2024

محکمہ بلدیات کا عوام میں مثبت امیج بحال کرنے کے لئے تمام افسران کو ٹیم ورک کی طرح جنگی بنیادوں پر کام کرنا پڑے گا، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا محکمہ کے اجلاس سے خطاب

Aug 28, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) صوبائی وزیر بلدیات، جنگلات، جنگلی حیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ اور مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام میں محکمہ بلدیات کا مثبت اور سافٹ امیج بحال کرنے کے لئے تمام افسران کو ٹیم ورک کی طرح جنگی بنیادوں پر کام اور عملی اقدامات کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ بلدیات کے اعلیٰ سطحی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری بلدیات سید خالد حیدر شاہ ،اسپیشل سیکریٹری (ٹیکنیکل) نیاز احمد سومرو کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے اور کام میں بہتری لانے کے لیے اور اچھا رزلٹ دینے کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں بہتری لانے والا میکنیزم تیار کیا جائے۔ سفارشات تیار کی جائیں۔ عملی اور بہتر اقدامات کے ذریعے ہی ہم عوام کو ریلیف دیا جاسکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے افسران پر زور دیا کہ ہر کام میں میرٹ اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے اور سیکریٹریٹ میں بلدیاتی امور کے حوالے سے کام کے لیے آنے والوں سے حسن سلوک سے پیش آیا جائے۔ ان کی داد رسی کی جائے۔ ہمدردی کے ساتھ ان کے مسائل سنیں اور جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ حکومت کی جانب سے عوام کی آسانیوں اور ریلیف کے لیے ہر ممکناۚ اقدامات کیئے جائیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ کی بھی خصوصی ہدایات ہیں کہ افسران عوامی مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی تاخیری حربے استعمال نہ کریں ان کے مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔ لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین خزانے پر بوجھ ہیں اور دیگر ملازمین کی حق تلفی کا باعث بھی ہیں لہٰذہ محکمہ بلدیات میں گھوسٹ ملازمین کا سراغ لگانے کے لیے تھرڈ پارٹی کے تحت شفاف تحقیقات و سروے کرایا جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے یونین کونسلز کو دیئے جانے والے فنڈز کے استعمال کو شفاف بنانے اور انسپکشن کے نظام کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سیکریٹری بلدیات سمیت تمام ڈپارٹمنٹ کے سربراہان نے صوبائی وزیر کو اپنے اپنے ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔