• Sun. May 19th, 2024

معروف اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی گانا چرانے پر بالی ووڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، سیدھی سیدھی سنا ڈالیں ، عالیہ بھٹ بھی تنقید کی زد میں

Aug 29, 2019

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی گانا چرانے اور اسے عجیب و غریب انداز میں بنا کر پیش کرنے پر بالی ووڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیاہے اور سیدھی سیدھی سنا ڈالی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل عالیہ بھٹ کی ایک میوزک ویڈیو ”پراڈا“ منظر عام پر آئی تھی، جو دراصل ملکہ ترنم نورجہاں کے 32 سال پرانے فلمی نغمے”کالے رنگ کا پراندا“ اور پاکستانی پاپ بینڈ وائٹل سائنز کے 27 سال پرانے گانے”گورے رنگ کا زمانہ“ کی نقل تھی۔

سوشل میڈیا پر عالیہ بھٹ اور بھارتی بینڈ ”دوربین“ کو پاکستانی گانے چراکران کے عجیب و غریب ریمیکس بنانے کے لیے شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔ اداکارہ مہوش حیات بھی پیچھے نہیں رہیں۔

مہوش حیات نے ٹویٹر پربھارتیوں کی پاکستانی گانے چرانے کی روایت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا یہ بہت عجیب بات ہے کہ ایک طرف تو بھارت پاکستان کو رسوا کرتا ہے اور دوسری طرف ہمارے ہی گانے ہماری اجازت کے بغیر چراتا ہے۔ بالی ووڈ کے نزدیک کاپی رائٹ کی خلاف ورزی اور رائلٹی کی ادائیگی کی کوئی اہمیت نہیں۔مہوش حیات کی اس ٹوئٹ نے بھارتی میڈیا میں ہنگامہ مچادیا ہے اور بھارتی میڈیا اپنی صفائیاں پیش کرتے ہوئے اس حقیقت کو مہوش حیات کا الزام قرار دے رہا ہے۔