• Sun. Sep 8th, 2024

وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر آج تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا پیغام دینے کے لیے گھروں سے نکلیں گے

Aug 30, 2019

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر آج تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے کیلئے آج گھروں سے نکلیں گے۔دوپہر 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک کو بھی روک دیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان وزیراعظم سیکریٹریٹ کے سامنے اجتماع کی قیادت کریں گے جبکہ ملک بھر کے تمام اضلاع میں بھارتی ظلم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی ”کشمیر آور“ کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ملک بھر میں ٹرینیں بھی روک دی جائیں گی جبکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی موخر کر دیا گیا ہے۔حکومت نے فیصلہ کیا کہ کشمیر آور کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام ٹریفک سگنل دن 12 سے 12 بج کر 30 منٹ تک سرخ رہیں گے۔’کشمیر آور‘ کی مرکزی تقریب شاہراہ دستور پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پہنچیں گے۔ وزیراعظم پارلیمنٹ ہاوس کے لان میں طلبہ اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ملک بھر میں جمعہ کے روز دن بارہ بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک کشمیر آور منایا جائے گا۔ سرکاری پروگرام کے مطابق دن کے 12 بجتے ہی وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے اور قومی ترانے کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاج کیا جائے گا، احتجاج کیلئے جگہ کے تعین کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کریں گے جبکہ احتجاج کیلئے سول سوسائٹی اور طلباکو بھی دعوت دی گئی ہے۔