• Sat. Jul 27th, 2024

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے احمد علی پارک میں موجود تجاوزات کا صفایا کردیا

Sep 1, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے ڈی اے اسکیم نمبر 32 کڈنی ہل پارک (احمد علی پارک) میں موجود تجاوزات کا صفایا کردیا، 62 ایکڑ رقبے پر مشتمل مذکورہ پارک میں مختلف مقامات پر تجاوزات کی صورت میں مختلف تعمیرات کی گئی تھیں جنہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے مسمار کیا جبکہ پارک کے چاروں اطراف باؤنڈری وال تعمیر کرکے یہاں غیرمتعلقہ اشخاص کا راستہ بھی روک دیا جائے گا، پارک میں بیرونی دیوار کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع ہوگا، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کڈنی ہل پارک کا دو گھنٹے طویل دورہ کیا اور وہاں موجود تجاوزات کے خاتمے کی کارروائی کا ازخود معائنہ بھی کیا، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ کڈنی ہل پارک کا PC-1 تیار ہوچکا ہے، پارک کی یہ جگہ شہر کے ایک ایسے اونچے مقام پر موجود ہے کہ جہاں سے بھرپور طریقے سے شہر کا نظارہ کیا جاسکتا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ہر ممکن یہ کوشش ہوگی کہ اس پارک کو بین الاقوامی سطح کا پارک بنایا جائے تاکہ یہاں آنے والوں کو نہ صرف یہ کہ خوش اور عمدہ تفریح حاصل ہوسکے بلکہ وہ اس پارک میں آکر کراچی شہر کا بھرپور نظارہ بھی کرسکیں، انہوں نے کہا کہ مذکورہ پارک میں آئندہ تجاوزات قائم نہ ہونے دیئے جائیں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ لینڈ کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ سروے کرکے اس بات کا تعین کریں کہ پارک کی حدود کہاں تک ہے اور کہاں تک ختم ہورہی ہے تاکہ یہاں چار دیواری تعمیر کردی جائے، انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک میں واٹر بورڈ کے رہائشی بنگلے بھی غیرقانونی طور پر تعمیر کئے گئے تھے جنہیں مسمار کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ پارکوں کی جگہ کو مکمل بحال کیا جائے، کڈنی ہل پارک سے بھی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرکے اسے ایک خوبصورت پارک بنایا جائے گا جہاں شہری آکر خوشی محسوس کریں اور انہیں بہترین اور عمدہ تفریح بھی حاصل ہوسکے، انہو ں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک کی حدود میں جو دیگر رہائشی مکانات آرہے ہیں انہیں پہلے باقاعدہ مارکنگ کرنے کے بعد نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں اور انہیں اپنے مکانات کو اپنی حدود میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اگر آگاہ کرنے کے باوجود بھی وہ لوگ اپنی جانب سے ازخود بڑھائی گئی جگہ خالی نہیں کریں گے تو محکمہ انسداد تجاوزات ان غیرقانونی حصوں کو بھی صاف کردے گا، انہوں نے کہا کہ کڈنی ہل پارک کی موجودہ شکل میں وہاں ایک بے ہنگم جھاڑیوں پر مبنی جنگل ہے جسے صاف کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے،یہاں شجر کاری بھی کی جائے گی اور مختلف اقسام کے خوبصورت پودے بھی لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کوشش ہے کہ کڈنی ہل پارک کو جلد از جلد ایک مکمل اور خوبصورت پارک کی شکل دے دی جائے۔ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ دنیا میں بلدیاتی اداروں کا کام ہوتا ہے کہ وہ شہریوں کو راحت و سکون دیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی جہاں اپنے دیگر کاموں پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے وہیں شہر میں ہریالی، سبزہ اور شجرکاری کے لئے کوشاں ہے، شہر کے مختلف مقامات پر شجر کاری مہم کے تحت پودے اور درخت لگائے جا رہے ہیں اور اس بات کی حتی الامکان کوشش کی جارہی ہے کہ شہر میں جا بجا خوبصورت باغات ہوں تاکہ ماحول بھی خوبصورت ہوسکے، انہو ں نے کہا کہ ادارے اپنا کام مکمل کرکے دیگر کاموں پر اپنی توجہ مبذول کرتے ہیں اب یہ شہریوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ اداروں کی جانب سے بنائے گئے خوبصورت باغات کی حفاظت کریں اور انہیں ہر طرح کے نقصان سے محفوظ رکھیں، انہوں نے کہا کہ شہری اپنے طور پر خود بھی ایک ایک پودا لگائیں تو اس شہر میں کئی لاکھ پودے آنے والے دنوں میں سایہ دار درخت بن جائیں گے۔