• Thu. Sep 19th, 2024

کابل میں غیر ملکی سفارتخانے کے قریب دھماکے میں ہلاک افراد کی تعداد16 ہو گئی

Sep 3, 2019

کابل (نمائندہ خصوصی)افغان دارالحکومت کابل میں غیرملکی سفارت خانے کے قریب دھماکے میں ہلاک افراد کی تعداد16 ہو گئی جبکہ 100سے زائد افراد زخمی ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 9 بج کر 45 منٹ پر کابل میں کار بم دھماکہ ہوا۔ دھماکہ کابل کی پولیس ڈسٹرکٹ نمبر 9 میں گرین ولیج کے قریب ہوا ، یہ وہ رہائشی علاقہ ہے جہاں غیر ملکی شہری رہائش پذیر ہیں۔اسی علاقے میں رواں سال جنوری میں ٹرک کے ذریعے بم دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔کابل میں ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری تحریک طالبان افغانستان کی جانب سے قبول کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کا ٹارگٹ غیر ملکی قابض فورسز تھیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کار بم دھماکے میں گرین ولیج میں قائم تمام عمارتیں، گھر اور ہاسٹلز مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں ،دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد16 ہو گئی جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں،سکیورٹی فورسز نے ہلاک اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔