• Sat. Jul 27th, 2024

’مقبوضہ کشمیر میں شہری آزادی بحال کی جائے اور ۔۔۔ ‘ او آئی سی نے بھارت سے مطالبہ کردیا

Sep 4, 2019

جدہ (نمائندہ خصوصی) مسلمان ممالک کی سب سے بڑی تنظیم او آئی سی نے ایک بار پھر کشمیریوں کیلئے آواز اٹھاتے ہوئے بھارت سے شہری آزادی بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے انسانی حقوق کمیشن نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر پر پابندیوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جارہی ہے،بھارتی فورسز نے 5ہزار سے زائد کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر محصور کر رکھا ہے،بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کو کشمیریوں کے لیے سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

او آئی سی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہے، وہاں کی سیاسی قیادت کو کسی قانون کے بغیر قید کر کے رکھا گیا ہے، مقبوضہ وادی میں صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنوں کو جھوٹے الزامات پر گرفتار کیا جارہا ہے۔ او آئی سی نے بھارت سے فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں شہری آزادی بحال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔