• Sat. Jul 27th, 2024

شہر میں ملین ٹری مہم کا آغاز اتوار سے کیا جائے گا۔ خرم شیر زمان

Sep 4, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ اتوار کے روز کراچی میں ملین ٹری مہم کا آغاز کیا جائے گا، ملین ٹری مہم کے پہلے مرحلے میں شہر بھر میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، شہر کی رونقیں بحال کرنے کے لئے تحریک انصاف میدان عمل میں ہے، صوبائی حکومت کی نا اہلی کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر ہم نے کلین کراچی مہم کا آغاز کیا جس میں شہر کے بڑے نالوں سے کچرا نکال لیا گیا ہے، اب حکومت سندھ کی کراچی کے لئے لاپرواہی اور عدم توجہ کے باعث شہر میں ملین ٹری مہم شروع کرنے کا بیڑہ بھی ہم نے اٹھا لیا ہے۔ بدھ کو رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کے ہمراہ اربن فاریسٹ پارک کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ اس پارک کے حالات دیکھنے میں بہت برے دکھائی دیتے ہے، اس پارک کے ڈیزائن پر میئر کراچی کے ساتھ بات کریں گے، ہم دو سے تین ماہ میں پارک کو بہتر کریں گے، اربن فاریسٹ پارک کے سامنے بھی ایک پارک ہے جہاں کام شروع کروادیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی ناکامی کے بعد وفاقی حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے سامنے آئی ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا کہ اتوار کو شروع ہونے والی ملین ٹری مہم کو کامیا ب بنائیں گے، تحریک انصاف کی ہر مہم میں کراچی کے شہریوں نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، حکومت سندھ شہر کی تقدیر بدلنے کے جھوٹے دعوے کرتی رہی ہے، کراچی ترقی کے بجائے پستی کی طرف جا رہا ہے، ہر مشکل حالات میں تحریک انصاف کراچی کے شہریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔