• Fri. Oct 18th, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

معروف اداکار عابد علی انتقال کر گئے

Sep 6, 2019

کراچی (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے معروف اداکار عابد علی مختصر علالت کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔عابد علی کی اہلیہ رابعہ نورین اور ان کی بیٹی رحمہ علی نے عابد علی کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے ۔

نجی ٹی وی کے  مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کے کلاسیک عہد میں وارث جیسے ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والے معروف اداکار عابد علی شدید علالت کے بعد 67 سال کی عمر میں انتقال کرگئے،عابد علی کافی عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند دنوں سے ان کا کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں علاج جاری تھا ،چند دن قبل بھی ان کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی مگر اس وقت ان کی بیٹیوں ایمان علی اور رحمہ علی نے انہیں جھوٹی افواہیں قرار دیا تھا، مگر اب رحمہ علی نے اپنے والد کے وفات کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ میرے ہاتھوں میں میرے باپ نے اپنی آخری سانسیں لیں، میں معذرت چاہتی ہوں، اس میں کوئی کال نہیں سن سکتی، ہم اس وقت ایسا نہیں کر سکتے مگر چونکہ میں نے میڈیا کو بیان دینے کا وعدہ کیا تھا تو ہاں وہ جاچکے ہیں۔عابد علی سترہ مارچ 1952 کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے جنھوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا تاہم وہ بنیادی طور پر اداکاری کے میدان کے ہی شہسوار کہلاتے ہیں۔کوئٹہ میں کالج کی تعلیم کے دوران ہی وہ ریڈیو پاکستان کا حصہ بنے اور پھر 1973 میں لاہور منتقل ہوکر پی ٹی وی میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا اور ’جھوک سیال‘ کے ذریعے اس میدان میں قدم رکھا تاہم انہیں اصل شہرت 80 – 1979میں نشرہونے والی سیریل ’وارث‘ سے ملی، جس کے بعد انہوں نے وہ عروج حاصل کیا جس کی لوگ تمنا کرتے ہیں۔ انہوں نے سورج کے ساتھ ساتھ، غلام گردش، مہندی، سمندر، دوسرا آسمان، دشت، پیاس،دوریاں،دیار دل ، ایک حقیقت سو افسانے اور دیگر سپرہٹ ڈراموں میں کام کیا۔انہوں نے پہلی بیوی سے علیحدگی کے بعد معروف اداکار رابعہ نورین سے شادی کی جبکہ انہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا۔حال ہی میں وہ عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی فلم ’پرے ہٹ لو ‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔انہیں 1985 میں حکومت پاکستان نے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔