لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے معروف اداکار عابد علی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعلی پنجاب نے فن و اداکاری کے شعبے میں عابد علی مرحوم کی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عابد علی ایک منجھے ہوئے ور سٹائل اداکارتھے،مرحوم کے مداح ان کی لازوال اداکاری کوکبھی نہیں بھولیں گے۔وزیر اعلی نے کہا کہ عابد علی نے ٹی وی ڈراموں کوایک نئی شناخت دی اور آج بھی ناظرین کو ان کے ٹی وی ڈرامے یاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عابد علی کے انتقال سے فن اداکاری کا ایک باب ختم ہوا ہے، مرحوم کی اداکاری کے شعبہ میں خدمات کو تادیر یاد رکھاجائے گا۔
یاد رہے کہ جگر کے عارضے میں مبتلا پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور اداکار عابد علی کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں ،وہ کئی دنوں سے انتہائی تشویش ناک حالت میں آئی سی یو میں زیر علاج رہے اور آج خالق حقیقی سے جاملے۔