• Mon. Apr 29th, 2024

ٹیلی ویژن کی پہچان لیجنڈ اداکار عابد علی کو سینکڑوں سوگواروں کی آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا

Sep 6, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) نامور فنکار و صداکار عابد علی کو سینکڑوں سوگواروں کی آہوں اور سسکیوں میں بحریہ ٹائون کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ مسجد عاشق بحریہ ٹائون میں ادا کی گئی جس میں اداکار قوی خان، شہزاد رضا، تنویر جمال، فہد مصطفی، ساحر لودھی، دانش نواز، عمیر لغاری، عجب گل، اسلم شیخ، عمران رضا ودیگر فنکاروں اور عزیز واقارب نے شرکت کی۔ عابد علی کی پہلی بیوی حمیرا علی کی بیٹیوں ماڈل ایمان علی، ارحمہ علی اپنے والد کا دیدار کرنے کے لئے نمازہ جنازہ کے موقع پر دیگر خواتین کے ہمراہ مسجد میں موجود تھیں۔اداکار قوی خان نے کہا کہ ہمارا بہت اچھا ساتھی ہم سے بچھڑ گیا، بہت اچھا فنکار اور دوست تھا۔ فہد مصطفی نے کہا کہ ہمارے لئے تو انسٹی ٹیوٹ تھے ان کو ٹی وی پر دیکھ کر بہت کچھ سیکھا۔ شہزاد رضا نے کہا کہ اچھے لوگ تیزی سے دنیا سے جا رہے ہیں، اتنی جلد عابد علی چلا گیا یقین نہیں آرہا۔ یاد رہے کہ عابد علی گذشتہ روز 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ عابد علی گذشتہ دو ماہ سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ عابد علی کا یرقان بگڑ گیا تھا اور وہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ صدر پاکستان نے1985 ء میں عابد علی کو پرائڈ آف پارفامنس سے بھی نوازا۔ خواہش، دشت، دوسرا آسمان، وارث اور مہندی عابد علی کے یادگار ڈرامے ہیں۔ عابد علی نے آخری بار فلم ہیر مان جا میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ٹیلی ویژن نگری میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے، ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ ان کی دو شادیاں ہیں، پہلی بیگم حمیرا علی اور دوسری رابعہ نورین ہیں، ان دونوں کا تعلق بھی شوبز سے ہے۔ عابد علی کو امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامے وارث سے شہرت حاصل ہوئی، انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا، ان دنوں ان کی نئی فلم ہیر مان جا سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ نجی ٹیلی ویژن سے دو ڈرا مہ سیریلز میرا رب وارث اور رمز عشق آن ائیر ہیں۔ دریں اثناء گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اداکار عابد علی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کے لئے دعا کی ہے۔