• Sat. Jul 27th, 2024

سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد پی سی بی پر برس پڑے

Sep 7, 2019

کراچی(ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد پی سی بی پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ کیا پاکستان کے لوگ مر گئے جو کرکٹ چلانے کیلیے غیرملکی لائے جا رہے ہیں۔تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا نام لیے بغیر کہا کہ حکومت اور بورڈ جواب دے کہ کیا ہمارے لوگ اس قابل نہیں ہیں کہ باہر سے غیرملکی لائے جا رہے ہیں، یہ بات میری سمجھ سے باہر ہے کہ کس طرح ادارے چلائے جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ہمارے کھلاڑی گلیوں اور سڑکوں پر ہی کھیل کر سامنے آئے، آپ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کریں وہ کارکردگی دکھائیں گے، غلط چیزوں پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے قومی میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی دہری ذمہ داری دینے پر پر بھی میانداد نے سخت تنقید کی، انھوں نے کہا کہ نظام کو چلانے کیلیے زیادہ سے زیادہ افراد کو ذمہ داری ملنی چاہیے، یہ عمل سود مند رہتا ہے لیکن یہاں افسوسناک طور پرپی سی بی میں صرف ایک ہی گروپ کھیل رہا ہے۔