• Sun. Sep 8th, 2024

کراچی میں بھی کچرے سے جنگ جاری ہے، وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لئے ایک منظم منصوبہ بندی کررہی ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی

Sep 7, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں بھی کچرے سے جنگ جاری ہے، کچرہ اٹھانا میری دنیاوی یا حکومتی ذمہ داری نہیں ہے لیکن ضمیر کی آواز پر کچرہ اٹھانے کی مہم شروع کی، وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لئے ایک منظم منصوبہ بندی کررہی ہے،کشمیر میں مودی نامی کچرے سے لڑائی ہے، اسوقت تینK یعنی کشمیر، کراچی اور کچرا کی لڑائی ہے جو بہرصورت جیتی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کی شام ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد)میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانہ کے ساتھ کیا گیا۔ علی زیدی نے کہا کہ ماضی میں اسی شہر میں دفتر سے گھر پہنچنا ایک مسئلہ تھا،امن و امان کی صورتحال بہت خراب تھی لیکن امن وامان کی حالت بہتر ہونے سے لوگوں نے پرسکون کاروبار جاری رکھا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کی 65 فیصد آبادی غیرپلان یافتہ علاقوں رہتی ہے، بنیادی مسئلہ سوک مضمون کے فقدان کاہے جوآجکل کے ابتدائی نصاب سے ختم کردیاگیاہے،سوکس کا مضمون ختم ہونے سے معاشرے سیوک سینس ختم ہوگئی ہے،کراچی میں گاربیج ٹرانزٹ اسٹیشنزکچرے سے بھرگئے ہیں، گاربیج ٹرانزٹ اسٹیشن دستیاب نہیں ہے اورنہ ہی اب کسی اسٹیشن میں کچرابرداشت کرنیکی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیربلدیات نے اسمبلی میں کہا کہ کے ایم سی کونالوں کی صفائی کیلیے50کروڑروپے دیئے،کچرے کا مسئلہ صرف کراچی کا نہیں بلکہ یہ مسئلہ حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور پورے سندھ کا ہے، کچرا اٹھانے کی مہم میں تعاون کے بجائے اسے ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے،کراچی میں کچرا ایک منظم کاروبار بن گیا ہے، شہرکی کچرا کنڈیاں بھی فروخت کی جاتی ہیں،کلین کراچی مہم میں کچریک8 صفائی کے دوران مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا اور کراچی میں بھی کچرے سے جنگ جاری ہے۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ کلین کراچی مہم کے لئے ایف ڈبلیواوکے اکائونٹ میں10 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں، عطیہ کرنیوالوں میں کے الیکٹرک، کراچی چیمبر، حبیب بینک اورایک چائنیزکمپنی بھی شامل ہے،کلین کراچی مہم کے پہلے مرحلے میں شہرکے نالوں کی صفائی مکمل کرلی ہے، نالوں کی صفائی کے باعث بارش کے دوسرے مرحلے میں پانی رکا نہیں بلکہ بہہ گیا، دوسرے مرحلے میں کراچی شہرکچرا اٹھایا جائے گا، آباد کے ممبران اپنے تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ملبہ اٹھوانے کو یقینی بنائیں، تکمیل شدہ تعمیراتی منصوبوں کے ملبے سے شہری متاثرہوتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نارتھ کراچی صنعتی علاقے سے متصل جی ٹی ایس سے کچراٹھایا جا رہا ہے، وہی ضلع وسطی کا گاربیج ٹرانزٹ اسٹیشن ہے،کلین کراچی مہم کے ذریعے اب تک تقریبا ڈیڑھ لاکھ ٹن کچرا اٹھایاگیا ہے ۔ علی زیدی نے کہا کہ کراچی سے تین الیکشن ہارنے کے بعد چوتھا الیکشن جیتا ورنہ لوگ پہلا الیکشن ہار کر بھاگ جاتے ہیں۔ چئیرمین آباد حسن بخشی نے کہا کہ بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے کراچی کے ایک ہزار سے زائد بلڈر بے روزگار ہیں۔ چیئرمین آباد نے کہا کہ ہم آج یوم دفاع کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منا رہے ہیں،بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے،بھارت نے 8 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیر کو یرغمال بنا رکھا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم وبربریت کی مثال رقم کردی ہے،کشمیرکا مسئلہ اب حل ہونا ضروری ہے جواقوام متحدہ اور بڑی طاقتوں کے لئے امتحان ہے،بزنس کمیونٹی یقین دلاتی ہے کہ ہم کشمیر کاز کے لئے ساتھ کھڑے ہیں،دفاع وطن کیلئے قربانیوں پر مسلح افواج کو تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی زیدی نے کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کا چیلنج قبول کیا ہے،ہم کلین کراچی مہم میں علی زیدی کے ساتھ ہیں۔