• Sun. Sep 8th, 2024

9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا

Sep 9, 2019

کراچی۔ 9 ستمبر ۔۔۔۔ نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین کی لازوال قربانیوں اور ان کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پیرکو تقریباً ایک بجکر 15 منٹ پر نشتر پارک سے حیدری اسکائوٹس کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں نمائش، پیپلز چورنگی، پریڈی اسٹریٹ، صدر، تبت سینٹر، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا تقریباً 7 بجکر 20 منٹ پر جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔ قبل ازیں نشتر پارک میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ نقوی نے فلسفہ شہادت اور کربلا کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام حسین اور ان کے خانوادے نے کربلا میں عظیم قربانیاں دیں جس کے سبب اسلام سربلند ہوا۔ جلوس میں ذوالجناح، علم، تعزیہ، شبیہ اور دیگر تبرکات بھی تھے۔ شرکاء راستے بھر ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔ جلوس کے شرکاء نے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام سہ پہر ایک بجکر 30 منٹ پر وی آئی پی گیٹ مزارِ قائد پر نمازِ ظہرین ادا کی جس کی امامت حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد حسین رئیسی نے کی۔ آئی ایس او کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری برادر ریحان عابدی نے نماز کے شرکاء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکاء جلوس نے پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور دخل اندازی کو مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے بھارتی جارحیت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ آخر میں شرکاء جلوس نے یزیدی قوتوں کے خلاف احتجاج کیا اور ان کے پرچم نظر آتش کئے۔ جلوس کے راستے میں مختلف انجمنوں نے طبی کیمپ بھی لگائے تھے۔ جلوس کے ہمراہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موجود تھا۔ جلوس کی سخت نگرانی اور حفاظت کی گئی اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی نگرانی کی جاتی رہی۔ جلوس کے ہمراہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موجود تھی۔ اونچی عمارتوں پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار تعینات تھے۔ اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر اور ٹرک کھڑے کر کے بند کر دیا گیا تھا۔ تمام بازار اور مارکیٹیں بند تھیں۔ ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لئے بند رہا۔