• Sat. Jul 27th, 2024

بالی ووڈ کے اداکار کو اہلیہ سمیت افسوسناک الزام میں گرفتار کرکے جیل بھجوا دیا گیا

Sep 11, 2019

ممبئی (نمائندہ خصوصی)بالی ووڈ کے اداکار پرشانت ناریانن کو اہلیہ سمیت دھوکہ دہی کے کیس میں گرفتار کر لیا گیا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق کریلا پولیس کے انسپکٹر پرتھاپ نے 50 سالہ بالی ووڈ ایکٹر پرشانت کو بنگالی اہلیہ شونا سمیت ممبئی سے گرفتار کیا ۔ان پر تھومس پانیکر کی جانب سے دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیاہے جو کہ ملیام فلم انڈسٹری کے پروڈیوسر ہیں جن کی فلم میں ناریانن نے 2017 میں اداکاری بھی کی تھی ۔

تھامس کے ساتھ فلم کرنے کے بعد اداکار کے ان کے ساتھ تعلقات قریبی ہو گئے اور پروڈیوسر کو اداکار نے بتایا کہ ان کی اہلیہ کی ممبئی میں ایک کمپنی ہے اور اگر وہ اس میں سرمایہ کاری کرتاہے تو اسے اس کمپنی کا ڈائریکٹر بنا دیا جائے گا جس پر پانیکر نے پرشانت کے کہنے پر 12 ملین بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن بعد ازاں انہیں معلوم ہوا کہ انہیں دھوکہ دیا گیاہے ۔

ملیام فلم انڈسٹری کے پروڈیوسر نے دھوکہ ملنے پر پولیس میں شکایت درج کروائی جس پر کریلا پولیس کے انسپکٹر نے سات رکنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ممبئی سے انہیں تین دن کی نگرانی کے بعد گرفتار کر لیا ۔جس کے بعد انہیں ایڈیشنل جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ان کا 20 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا گیا ۔

یاد رہے کہ اداکار پرشانت ناریانن بالی ووڈ سمیت دیگر بھارتی انڈسٹریز میں اب تک 50 سے زائد فلموں میں ادکاری کر چکے ہیں جن میں ان کی معروف فلمیں ” مرڈر 2“ ،” ویسا بھی ہو تا ہے پارٹ ٹو “ اور ” شیڈوز آف ٹائم “ ہیں۔