• Sat. Jul 27th, 2024

کیا واقعی صبا قمر کلبھوشن یادیو پر بننے والی فلم میں کام کررہی ہیں؟

Sep 18, 2019

کراچی (نمائندہ خصوصی) سوشل میڈیا پر یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی زندگی پر فلم بننے جارہی ہے جس میں اداکارہ صبا قمر بھی نظر آئیں گی ۔ اس قسم کی افواہیں سامنے آنے کے بعد اداکارہ صبا قمر نے ایسی خبروں کی تردید کردی ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ ’یہ بہت ہی پر مزاح بات ہے کہ میں ایک ایسی فلم سائن کرچکی ہوں جس کے بارے میں مجھے خود بھی کچھ نہیں پتا، ایمانداری کی بات ہے کہ اگر میں کوئی فلم کروں گی تو خود ہی اس کے بارے میں آپ لوگوں کو بتادوں گی کیونکہ میں اسی لیے سوشل میڈیا استعمال کرتی ہوں، میں اس وقت صرف ’ کملی‘ میں کام کر رہی ہوں اس لیے ریٹنگ کیلئے جھوٹی خبریں پھیلانا بند کریں۔‘

تصویر ٹوئٹر پر دیکھیں

جس ادارے کی جانب سے خبر شائع کی گئی تھی اس نے اداکارہ کی تردید کے بعد اپنے موقف میں کہا کہ انہوں نے اس پراجیکٹ سے منسلک تین لوگوں سے صبا قمر کے کردار کی تصدیق کی ہے۔ ’ ہم نے خبر لگانے سے پہلے آپ سے بھی رابطہ کیا تھا، ہم کبھی جھوٹی خبر نہیں دیتے اور خبر میں پروڈیوسر کا حوالہ بھی موجود ہے، برائے مہربانی عوامی سطح پر تردید کرتے ہوئے پروڈیوسر کو مخاطب کریں ہمیں نہیں ، آپ کی مہربانی۔‘

تصویر ٹوئٹر پر دیکھیں

صبا قمر نے متعلقہ نیوز ویب سائٹ کی بات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے پراجیکٹ میں شامل تین لوگوں سے تو تصدیق کرلی لیکن مجھ سے تصدیق نہیں کی ۔ آپ کی جانب سے خبر شائع کرنے سے پہلے مجھ سے رابطے کا دعویٰ غلط ہے، مجھے اس قسم کا کوئی پیغام موصول نہیں ہوا، میں اس کی عوامی سطح پر تردید کر رہی ہوں کیونکہ میرا نام ایک ایسے پراجیکٹ کیلئے جس کا میں حصہ بھی نہیں ہوں عوامی سطح پر میری مرضی کے بغیر استعمال کیا گیا ہے