• Thu. Sep 19th, 2024

بل گیٹس پر نیا الزام، مائیکروسافٹ کے چار ملازمین میدان میں آگئے

Jul 1, 2021

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اپنی کمپنی کی ملازمہ کے ساتھ معاشقے کے انکشاف کے بعد سے مختلف نوعیت کے الزامات کی زد میں ہیں۔ اب مائیکروسافٹ کے چار مزید ملازمین سامنے آ گئے ہیں اور بل گیٹس پر کمپنی کے ملازمین کے ساتھ ’دھونس اور دھمکی‘ کا سلوک روا رکھنے کا الزام عائد کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ان چاروں ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک فقرہ بل گیٹس کا تکیہ کلام تھا، وہ اکثر اوقات ملازمین سے یہ فقرہ کہا کرتے تھے کہ ”اس جیسا احمقانہ آئیڈیا میں نے آج تک نہیں سنا۔“ ایک گالی (F*****g)بھی اس فقرے کا حصہ ہوا کرتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ان چاروں ملازمین نے بھی بل گیٹس پر یہ شرمناک الزام عائد کیا ہے کہ ان کا کمپنی کی کئی خواتین ملازمین اور صحافی خواتین کے ساتھ معاشقہ رہا ہے۔بل گیٹس کے ترجمان کی طرف سے ان چاروں ملازمین کے ان الزامات کی بھی تردید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بل گیٹس نے کمپنی کے کسی ملازم کے ساتھ کبھی ہتک آمیز سلوک نہیں کیا اور نہ ہی کبھی کسی پر دھونس جمائی۔واضح رہے کہ بل گیٹس درجنوں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی، انسانی سمگلنگ اور دیگر گھناﺅنے جرائم کے مرتکب مجرم جیفرے ایپسٹین کے ساتھ دوستی کے حوالے سے بھی کڑی تنقید کی زد میں ہیں اور ان سے پوچھا جا رہا ہے کہ ان کا جیفرے ایپسٹین کے ساتھ تعلق کس نوعیت کا تھا۔