• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جوکہ اسپشل افراد کے لیے سب سے زیادہ عملی اقدامات کررہا ہے۔ وزیر بلدیات کا خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اظہار خیال

Dec 4, 2019

کراچی (غلام مصطفے عزیز )وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29 ہزار اسپشل افراد ایتھلیٹ کی تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہر ڈسٹرکٹ کا سیشن و ڈسٹرکٹ جج اسپیشل افراد کا بھی جج ہوگا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر سروسز ڈپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکریٹری کو تعینات کیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر اسپشل افراد کی بحالی کے لیے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی اداروں میں اسپشل افراد کے لیے ملازمتوں کے کوٹہ پر مکمل عمل کیا جارہا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کھیل کے میدان میں اسپشل افراد کی بھرپور کامیابیوں پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جوکہ اسپشل افراد کے لیے سب سے زیادہ عملی اقدامات کررہا ہے،اسپشل اولمپئن پاکستانی کھلاڑی پورے ملک و قوم کا فخر ہیں،کھیل کے میدان میں بھی اسپشل افراد دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔ انھوں نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے اسپشل افراد کے مسائل پر خصوصی توجہ دیں اس لیے کہ تھوڑی سی توجہ اسپشل افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بناسکتی ہے۔ انھوں نے مزید ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں میں کام سے آنے والے اسپشل افراد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔