• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کرسمس کے موقع پر صوبے بھر میں بلدیاتی و سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے

Dec 7, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو بھرپور طریقے سے تہوار منانے کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں بلدیاتی و سیکیورٹی امور کے حوالوں سے خصوصی و غیر معمولی اقدامات کیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر صوبائی اسمبلی انتھونی نوید کی قیادت میں مسیحی بلدیاتی نمائندوں، ہاسٹر صاحبان اور منارٹی ونگ کے کارکنان کے وفد سے ایک اجلاس کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ، تمام ڈی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز، واٹر بورڈ کے افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تمام شرکا نے وزیر بلدیات کو اپنے اپنے علاقوں اور خصوصا گرجا گھروں کے حواے سے درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلا آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر تمام شرکاء کے مسائل غور سے سنے اور تمام بلدیاتی افسران کو ہدایات دیں کہ کرسمس کے تہوار سے قبل تمام گرجا گھروں اور عبادت کے مقامات پرروشنی، صفائی، سیویرج اور پانی کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے میونسپل کمشنر ڈی ایم سی کورنگی کے اجلاس میں غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ناگواری کا اظہار کیا اور تمام افسران کو ہدایات کی کہ وہ اس طرح کے اہم اجلاس میں حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ چرچوں کے منتظمین کی شکایات پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے رکائوٹ کا سبب بننے والی تمام تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور گرجا گھروں کے گرد ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ کرسمس کے تہوا کے موقع پر مسیحی برادری کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں اور خصوصی انتظامات کے ذریعے مسیحوں کو اپنا تہوار بھرپور طریقے سے منانے کے لیے مواقع فراہم کیئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے بھی صوبے بھر کے گرجاگھروں کی کرسمس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ کرسمس کے موقع پر حکومت گرجاگھروں کے منتظمین کو سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکنا کوشش کریگی اور بھرپور تعاون کریگی۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کرسمس کے انتظامات کے حوالے سے ضلعی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی جوکہ بلدیاتی افسران، ضلعی انتظامیہ اور مسیحی متعلقین کے درمیان کو آرڈینیشن کے فرائض انجام دیں گی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وہ خود بھی شہر کا دورہ کریں گے۔