کراچی(غلام مصطفے عزیز) صوبائی وزیر برائے جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک پیج پر ہیں، دونوں حکومتیں مشترکہ تعاون سے صوبے میں شجر کاری مہم چلائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کے گرین پاکستان پروگرام منصوبہ اور صوبائی حکومت کا اربن فاریسٹری منصوبے پر بات چیت ہوئی۔ چیف کنزرویٹر محکمہ جنگلات سندھ ریاض احمد وگن نے اجلاس کو بتایا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت 4 سال میں 5 بلین روپے مالیت سے 1 بلین درخت لگائے جائیں گے جن کے اخراجات وفاقی اور صوبائی حکومت برداشت کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں قریب ایک ہزار ایکڑ اراضی پر اربن فاریسٹ قائم کئے جائیں گے جبکہ 10ملین درخت شہریوں کو سبسڈی ریٹ پر دیئے جائیں گے۔ ریاض احمد وگن نے کہا کہ منصوبے کے تحت صوبہ بھر میں 1000 کلومیٹر پر سڑکوں کے اطراف اور 1000 کلومیٹرکنال کے اطراف شجرکاری کی جائے گی جبکہ ایک لاکھ ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگائے جائیں گے۔ کنزرویٹر سوشل فاریسٹری سرکل عبدل جبار قاضی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ گزشتہ 10 سالوں میں صوبائی حکومت کے اربن انفاریسڑی منصوبے کے تحت صوبہ میں 260,000 پودے لگائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی شہر کے مختلف حصوں میں اربن فاریسٹ قائم کئے جائیں گے۔ شہید بے نظیر بھٹو پارک میں 10 ایکڑ پر، لیاری ندی (سہراب گوٹھ سے ماڑیپور) اور ملیر ندی کے ساتھ 22 کلومیٹر تک اربن فاریسٹ بنائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر برائے جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے کراچی کی تمام ڈی ایم سیز کے پارکس میں پھول لگانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سیز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کریں۔ اجلاس میں موجود میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ لیاری ندی اور ملیر ندی کے اطراف اربن فاریسٹری کا منصوبہ کے ایم سی کے پاس موجود ہے جس سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں محکمہ فنانس کو منصوبوں کے لئے مختص رقم وقت پر جاری کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے۔ اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ، میونسیپل کمشنر کے ایم سی ڈاکٹر سیف الرحمان، کراچی واٹر بورڈ کے مینجنگ ڈائیریکٹر، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری جنگلات اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔