پونے (نمائندہ خصوصی) بھارت نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو 78 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ لوکیش راہول نے 54 اور شیکھر دھون نے 52 رنز بنائے جبکہ منیش پانڈے نے 31، سنجو سیمسن نے 6، شریاس ائیر نے 4، ویرات کوہلی نے 26، واشنگٹن سندر نے 0 اور شردل ٹھاکر نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے لکشن سنداکن سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 35 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لاہیرو کمارا اور وانیندو ہسارانگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہو گئی، 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے اور پوری ٹیم 15.5 اوورز میں محض 123 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ دھنانجیا دی سلوا 36 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ اینجلو میتھیوز نے 31 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے نودیپ سائنی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3.5 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شردل ٹھاکر اور واشنگٹن نے 2,2 جبکہ جسپریت بمرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرا ٹی 20، سری لنکا کو 78 رنز سے شکست، بھارت نے سیریز 0-2 سے جیت لی
