• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

”جب تک میں کوچ ہوں، عمر اکمل لاہور قلندرز میں نہیں کھیلے گا“ عاقب جاوید نے ایسا کیوں کہا؟ عتیق زمان نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا

Jan 12, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے سابق فیلڈنگ کوچ عتیق زمان نے کہا ہے کہ عاقب جاوید نے کہا تھا جب تک میں کوچ ہوں عمر اکمل لاہور قلندرز میں نہیں کھیلے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری میں لاہور قلندرز کیلئے فیلڈنگ کوچ کی خدمات سرانجام دینے والے سابق کرکٹر عتیق زمان نے ہیڈ کوچ عاقب جاوید اور سابق کپتان برینڈن میکالم پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”عاقب جاوید نے کہا تھا کہ میری کوچنگ کے دوران عمر اکمل لاہور قلندرز سے نہیں کھیلیں گے جبکہ انہوں نے رضا حسن سے پاور پلے میں باﺅلنگ کروانا کر قربانی کا بکرا بنایا اور پھر چند میچوں کے بعد انہیں ڈراپ کر دیا گیا۔“
عتیق زمان نے کہا کہ”عاقب جاوید نے سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی بلال بھٹی کو سکواڈ سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور انہیں ایسا کرنے کیلئے کوئی جواز بھی نہیں مل رہا تھا مگر وہ ان کی جگہ کسی بلے باز کو ٹیم میں شامل کرنا چاہتے تھے۔ لہٰذا انہوں نے بہانہ بنایا کہ بلاول بھٹی اچھی باﺅلنگ نہیں کر رہے اور انہیں اپنے ایک قریبی دوست ڈاکٹر کے ذریعے انہیں ان فٹ قرار دیدیا گیا۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ یہ سب معاملات پی ایس ایل تھری کے دوران ہی میڈیا میں سامنے لانا چاہتے تھے لیکن پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت اور شہرت بچانے کیلئے ایسا نہیں کیا۔