لاہور (نمائندہ خصوصی) ایک فیس بک پیج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ لیجنڈری کامیڈین امان اللہ دارِ فانی سے کوچ کر گئے ہیں۔ پیج کے اس دعویٰ کو کامیڈین امان اللہ کی صاحبزادی نے جھوٹا قرار دیا ہے۔
پینڈو پروڈکشن نامی فیس بک صفحے کی جانب سے ایک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ کامیڈین امان اللہ اب ہم میں نہیں رہے، اللہ ان کے درجات بلند فرمائے۔
لیجنڈ کامیڈین کے انتقال کی خبر چند منٹوں کے اندر ہی وائرل ہوگئی اور جب یہ گھر والوں تک پہنچی تو انہوں نے اس جھوٹی خبر پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔ امان اللہ کی صاحبزادی نور امان اللہ نے فیس بک پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنے تمام دوستوں اور امان اللّہ صاحب کے تمام چاہنے والوں سے درخواست ہے کہ ان کی صحت یابی کے لیے دعا کریں اور اس پیج کو رپورٹ کریں۔خدارا ایسی جھوٹی خبروں کو پلیز شیر نہ کریں۔‘
خیال رہے کہ نور امان اللہ روزنامہ پاکستان کے ساتھ طویل عرصہ تک بطور اینکر وابستہ رہ چکی ہیں۔