• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

” ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے پہلے ہم یہ کام کر کے دیکھیں گے “ مصباح الحق نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد ایک اور بڑا اعلان کر دیا

Jan 28, 2020

لاہور(نمائندہ خصوصی) ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹرمصباح الحق نے کہاہے کہ مسلسل ناکامیوں کے بعد جیت کی اشد ضرورت تھی، سینئرز شعیب ملک اور محمد حفیظ نے اپنا انتخاب درست ثابت کردکھایا، پی ایس ایل میں کرکٹرز کی فارم اور فٹنس دیکھتے ہوئے ٹیم میں موجود خلا پرُ کرنے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ مسلسل ناکامیوں کے بعد یہ جیت پاکستان کرکٹ کیلئے بہت ضروری تھی، اس سے ہم سب کو سکھ کا سانس لینے کا موقع ملا اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، شعیب ملک اور محمد حفیظ نے اپنے تجربے کو بروئے کارلاکر فتح میں اہم کردار اداکیا۔ پہلے بھی کہا تھا کہ کسی بھی کرکٹر پر ٹیم کے دروازے بند نہیں کیے، ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنے وسائل چیک کررہے تھے، احساس ہوا کہ ٹیم کو تجربے کی ضرورت ہے، بابر اعظم بھی سینئرز کی واپسی کے حامی تھے۔

انہوں نے کہا دونوں نے اہم اننگز کھیلیں، کوئی بھی کھلاڑی فارم میں اور فٹ ہوتو اسے قومی ٹیم کیلئے کھیلنا چاہیے۔ ایک سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ پاور ہٹرکی تلاش میں آصف علی کو موقع دیا،ان کی فارم سامنے نہ آ سکی، افتخار احمد بھی ساتھ ہیں، نوجوان کرکٹرز اسپنرز کا سامنا کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔
آسٹریلیا کے بڑے گراونڈز پر ہمیں ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی جو گیند کو باونڈر ی کے پار پہنچا سکیں، خلا پر کرنے کیلئے ابھی ہمارے پاس وقت ہے، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل بہت اہم اور اس میں اچھا پرفارم کرنے والوں کو ورلڈکپ کیلئے زیر غور لایا جا سکتا ہے۔

ہم دیکھیں گے کہ کون سا لڑکا کس پوزیشن پر ٹیم کیلئے فائدہ مند ہوگا، لیگ کے بعد 2ماہ کا وقفہ ہوگا، منتخب کھلاڑیوں کا پول بناکر ان کے آپس میں میچ کرانے سے اندازہ ہوگا کہ کون ٹیم کے کام آسکتا ہے۔