• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹیسٹ میں 191 رنز سے شکست، انگلینڈ نے سیریز 1-3 سے جیت لی

Jan 28, 2020

جوہانسبرگ (نمائندہ خصوصی) انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے مارک ووڈ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹیسٹ میچ میں 191 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو زیک کرالی، کپتان جو روٹ اور اولی پوپ کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 400رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نورجے سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ویرنون فلینڈرز اور ڈین پیٹرسن نے 2,2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ بیورن ہینڈرکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز کے 400 رنز کے جواب میں کوئنٹن ڈی کوک کی 76رنز کی اننگز کے باوجود صرف 183 رنز بنا سکی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔ دیگر بلے بازوں میں ڈین ایلگر نے 26، پیٹر ملان نے 15 اور ڈوین پریٹوریس نے 37 رنز بنائے جبکہ سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آل راﺅنڈر بین سٹوکس اور کرس ووکس نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم کیورن نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

انگلینڈ نے 217 رنز کی برتری کے باوجود فالو آن نہیں کرایا اور دوسری اننگز میں جو روٹ کی نصف سنچری کے باوجود حیران کن طور پر 248 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دوسری اننگز میں زیک کرالی نے 24، ڈومینک سبلی نے 44، جو ڈینلی نے 8، بین سٹوکس نے 28، اولی پوپ نے 11، سیم کیورن نے 35 اور مارک ووڈ نے 18 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے بیورن ہینڈرکس سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اینرچ نورجے اور ڈوین پریٹوریس نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈین پیٹرسن نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

پہلی اننگز میں بھاری برتری کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو فتح اور سیریز بچانے کیلئے 466رنز کا مشکل ہدف دیا جس کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم دوسری اننگز میں محض 274 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔ ریسی وینڈرڈوسن نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ پیٹر ملان 22، ڈین ایلگر 24، فاف ڈوپلیسی 35، کوینٹن ڈی کوک 39 اور ٹیمبا باووما 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو اس میچ میں 191 رنز سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کر لی ہے۔ دوسری اننگز میں 4 وکٹوں سمیت میچ میں 9وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر مارک ووڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بہترین آل راؤنڈ کھیل پیش کرنے پر بین سٹوکس سیریز کے بہترین کھلاڑی ٹھہرے۔