لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے بھی بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 میچوں کیلئے بنائی گئی وکٹوں پر حیرت کا اظہار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا آخری ٹی 20 میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ”پاکستان میں ایسی وکٹیں شاز ونادر ہی دیکھنے کو ملتی ہیں حالانکہ یہاں کی وکٹیں بلے بازوں کیلئے سازگار ہوتی ہیں۔ “
اس سے قبل مایہ ناز سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم کی وکٹ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کیوریٹر سے بہتر وکٹ بنانے کی درخواست کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ٹی 20 میچوں کیلئے فلیٹ وکٹیں بنائی جاتی ہیں اس لئے وہاں زیادہ رنز بننا معمول کی بات ہے، ہمیں بھی ایسی ہی وکٹیں تیار کرنی ہیں تاکہ بلے بازوں کو بڑے ہدف کا تعاقب کرنے کی عادت ہوگی اور باﺅلرز کو بھی سکور روکنے کی عادت پڑے۔
سابق کپتان راشد لطیف نے بھی ابتدائی دو میچوں کیلئے تیار کی گئی وکٹ پر حیرانی ظاہر کی تھی جن کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ اچھی نہیں تو کم از کم ایسی وکٹ تیار کی جائے جس پر 160 سے 170 رنز بن سکیں لیکن ایسی وکٹ ہرگز نہیں ہونی چاہئے جس پر ایک ٹی 20 میچ میں بھی 140 رنز بنیں۔
”مجھے بڑی حیرانی ہے کہ دونوں میچوں میں۔۔۔“ سیریز ختم ہوتے ہی محمد حفیظ بھی بول پڑے مگر کس بات پر حیرت زدہ ہیں؟
