کراچی (نمائندہ خصوصی )امریکی خام تیل فی بیرل ایک ڈالر مزید سستا ہو گیاہے جبکہ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان پیدا ہو گیا ہے جس کے باعث کاروبار ی افراد نے بھی سکھ کا سانس لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے درآمدی بل میں 20 کروڑ ڈالر کمی کا امکان پیدا ہو گیاہے کیونکہ امریکی خام تیل ایک ڈالر فی بیرل مزید سستا ہو گیاہے ۔امریکی خام تیل 50 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہاہے ، 10 روز میں امریکی خام تیل 8 ڈالر 60 سینٹ فی بیرل سستا ہواہے ۔
دوسری جانب سٹا ک مارکیٹ سے بھی اچھی خبریں آنا شروع ہو گئیں ہیں کیونکہ کاروبار کے آغاز میں ہی مثبت رجحان پیدا ہو گیاہے جس کے باعث کاروبار ی افراد نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔کاروبار کا آغاز ہوا تو انڈیکس 40 ہزار 409 پوائنٹس کی سطح پر تھا تاہم کچھ ہی دیر میں اس میں بہتری آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا اور انڈیکس 236 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 40 ہزار 646 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاہے ۔ خبر فائل کرنے تک مارکیٹ میں 28,139,460 حصص کا لین دین ہوا جس کی مالیت 1,379,321,556 رہی ۔