نئی دہلی(نمائندہ خصوصی)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں قائم امریکی سفارتخانے کے احاطے میں پانچ سالہ بچی کو زیادتی کانشانہ بنادیاگیا۔بچی کے والدین سفارتخانے میں صفائی پر مامورہیں۔ ملزم کی عمر پچیس سال بتائی جاتی ہے جسے گرفتار کرلیا گیاہے۔
بی بی سی اردو اور بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی سفارتخانے میں صفائی کاکام کرنے والے والدین کی بچی سفارتخانے کے احاطے میں موجود اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی ۔ ملزم نے معصوم بچی کو ورغلایااور سٹاف کی رہائش گاہ کے حصے میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنادیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم اور بچی کے اہلخانہ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔بچی اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی جب ملزم بچی کو پہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا اس وقت ملزم کے والدین کام پر تھے۔پولیس کے مطابق جب بچی اپنے گھر واپس گئی تو اس اپنی ماں کو بتایا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا ہے اسے فوراً ہسپتال لےجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے فوراً اس بات کی تصدیق کر دی کے اس کے ساتھ ریپ ہوا ہے۔ اس بچی کے ساتھ ہفتے کو ریپ کیا گیا تھا اب اس کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ انڈیاکے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والدین کی جانب سے شکایت کے بعد اتوار کے روز اس شخص کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم جو ایک ڈرائیور ہے سفارت خانے کے لیے کام نہیں کرتا تاہم اس کے والدین سفارت خانے کے ملازم تھے اور وہ اپنے والدین کے ساتھ سٹاف کوراٹر میں رہتا ہے۔
دوسری جانب امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ جیسے ہی انہیں واقعے کاعلم ہوا، فوری ایکشن لیاگیا ، پولیس کو رپورٹ کی گئی اور اس سلسلے میں پولیس سے مکمل تعاون بھی کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزم کو سزائے موت دی جاسکتی ہے۔