دبئی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کی خوبرواداکارہ ماہرہ خان پہلی بار اداکارہ میرا سے ملاقات کیلئے ان کے پاس پہنچ گئیں۔ گزشتہ دنوں سامنے آنے والے میرا کے ایک بیان پر شکوہ بھی کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں ہونے والے ایک ایوارڈ شو میں ماہرہ اور میرا کی ملاقات ہوئی اور دونوں میں دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ماہرہ اور میرا کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان کہتی سنائی دیتی ہیں کہ میں پہلی بار میرا جی کی وجہ سے اپ سیٹ ہوئی ہوں، میرا نے کہا کیوں میں نے ایسا کیا کردیا۔ جس پر ماہرہ نے کہا آپ کو یاد ہے ہم دونوں بہت اچھے دوست بن گئے تھے، میرا جی نے کہا ہاں اوروہاں موجود شہریار منور نے بھی کہا کہ ہاں مجھے بھی یاد ہے۔ ماہرہ نے کہا لیکن مجھ سے کسی نے کہا ہے کہ آپ (میرا)نے پھرمیرے بارے میں کچھ کہا ہے جس پرمیرا نے قسم کھالی کہ انہوں نے کوئی بھی بات نہیں کی۔
پاک سلیبریٹی آفیشل نامی انسٹا گرام اور فیس بک اکاونٹس نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن سجایا کہ’ پہلی بار ماہرہ اور میرا دوستانہ ماحول میں بات چیت کرتے ہوئے، یہ دیکھنے میں شاندار ہے، ہمیں میرا اور ماہرہ دونوں سے پیار ہے۔‘
یاد رہے کہ حال ہی میں ایک ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں میرا نے کہا تھا کہ وہ ماہرہ سے زیادہ باصلاحیت ہیں لیکن پھر بھی شوبز انڈسٹری میں ماہرہ کو بلاوجہ اہمیت دی جاتی ہے اوران کے حصے کا کام بھی انہیں دے دیاجاتا ہے۔ تاہم اب میرا کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی ایسی ویسی بات نہیں کی ہے۔