کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) نشاط گروپ کے اشتراک سے ہنڈائی پاکستان میں پہلے ہی اپنی پروڈکشن شروع کر چکی ہے اور اپنے چند ماڈلز متعارف کروا چکی ہے تاہم اب ہنڈائی نشاط کی طرف سے اپنی تمام پریمیم کاریں پاکستان میں متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ویب سائٹ globalvillagespace.com کے مطابق ممکنہ طور پر کمپنی کی طرف سے اپنی پریمیم کاریں ’پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو2020‘ میں متعارف کروائی جائیں گی۔
کمپنی جو گاڑیاں پاکستان میں لانے جا رہی ہے ان میں ہنڈائی ٹکسن، ہنڈائی ایلانٹرا، ہنڈائی سوناٹا و دیگر شامل ہیں۔ ہنڈائی ٹکسن 4سلنڈر انجن، 6گیئر سپیڈ اور 182.46ہارس پاور طاقت کی حامل ایس یو وی ہے۔ اس کی قیمت 58لاکھ 20ہزار روپے ہے۔ ہنڈائی ایلانٹرا 1591سی سی، 147ہارس پاور طاقت کی مالک، 6گیئر سپیڈ سیڈان گاڑی ہے۔ اس کی قیمت اندازاً 30لاکھ روپے تک ہو گی۔ ہنڈائی سوناٹا 185ہارس پاور، 6گیئر سپیڈ کی حامل کمپیکٹ سیڈان گاڑی ہے جس کی قیمت صرف 17لاکھ 99ہزار روپے تک ہو گی۔