• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

’بھائی آرہا ہے‘،علی ظفر نے پی ایس ایل کیلئے نیاگانا بنانے کی تیار ی شروع کردی

Feb 24, 2020

کراچی(نمائندہ خصوصی)پی ایس ایل کے گانے پر شدید تنقید اور لوگوں کے اصرارکے بعد علی ظفر نے پی ایس ایل سیزن فائیو کیلئے ذاتی طور پر گانا تیار کرنے کااعلان کردیا۔

انہوں نے اپنے ٹویٹر اور انسٹا گرام اکاونٹ پر گانے کا ٹیزر بھی جاری کیا ہے جس میں ناچنے پر مجبور کرنے والی ڈھول کی تھاپ علی ظفر کی تیاریوں کا پتہ دے رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علی ظفر ایک کمپیوٹر سسٹم کے سامنے بیٹھے ہیں، جیسے ہی کیمرہ ان تک پہنچا انہوں نے کہہ دیا”بھائی آرہا ہے،تیار ہو“۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل سیزن فائیو کا آفیشل گانا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے ریلیزکیاگیاتھا، گانے میں سرفراز احمد، حسن علی،سمیت دیگر کرکٹرز کو دیکھا جاسکتا ہے۔گانے میں گلوکار علی عظمت، عاصم اظہر، ہارون اور عارف لوہار نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔آفیشل ترانے کی ہدایت کاری ذوالفقار جبار خان اور کمال خان نے کی ہے، تیارہیں کی موسیقی میں تنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔

ترانے کی آفیشل ویڈیو میں قومی کرکٹ کے اسٹارز بھی جلوہ گر ہیں، بابر اعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ جلوہ گر ہیں۔

ان تمام بڑے ناموں ، موسیقی کی دھنوں اور نامور ڈائریکٹرز کی ہدایات کے باوجود گانا عوام میں کوئی خاص پسندیدگی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ جبکہ اس پر علی ظفر اور گلوکار علی عظمت میں لفظی جھڑپ بھی ہوگئی۔

نیا پنڈورابکس کھلنے پراینکر پرسن وسیم بادامی بھی میدان میں آگئے اور انہوں نے علی ظفر کو ذاتی حیثیت میں گانا تیار کرنے کا کہا جس پر انہوں نے جواب دیاکہ میں ایسے کچھ نہیں بول سکتا اگر آفیشلز مجھ سے رابطہ کرتے ہیں تو پھر ہی بات کی جا سکتی ہے۔اس پر وسیم بادامی نے سوال کیا کہ اگر عوام آپ سے کہے کہ گانا بنائیں تو کیا کہیں گے جس پر علی ظفر نے جواب دیا کہ عوام کی جو خواہش ہو گی وہ میں لازمی پوری کروں گا ،میں چھوٹا سا ایک آرٹسٹ ہوں،مجھے عوام نے ہی یہ مقام دیا ہے۔

اس کے بعد وسیم بادامی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پول رکھا جس میں لوگوں سے سوال کیا گیا کہ ”علی ظفر کہتے ہیں عوام چاہیں تو میں اپنے طور پر پی ایس ایل کا گانا بنانے کو تیار ہوں۔۔آپ کے خیال میں علی ظفر کو گنا چاہیے “اس پر 81فیصد لوگوں نے کہاں ہاں علی ظفر کو گانا چاہیے جبکہ 18فیصد لوگوں نے گانا گانے سے منع کیا۔

اس پول کے بعد اب علی ظفر اپنا وعدہ پورا کرنے کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں اس لئے انہوں نے ٹیزر جاری کردیاہے۔