لاہور (نمائندہ خصوصی)ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم دوسری جانب پاکستان کی کھلاڑی جوریہ نے ایک شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جوریہ خان 100ٹی ٹوینٹی میچز مکمل کرنے کااعزاز اپنے نام کر لیاہے اور وہ ایسا کرنے والی پاکستان کی چوتھی کھلاڑی بن گئی ہیں ۔31 سالہ جوریہ خان ٹاپ آرڈر کی بلے باز ہیں ، انہوں نے مئی 2009 میں اپنا پہلا ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا جبکہ پاکستان کی سب سے زیادہ سکور بنانے والی دوسری پلیئر ہیں ہیں جنہوں نے 22 کی اوسط سے 1826 رنز بنائے ۔انہوں نے اب تک 8نصف سینچریاں بھی بنا رکھی ہیں ۔
جوریہ خان 2018 میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کے فرائض بھی انجام دے چکی ہیں جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر گیارہ میچوں میں پاکستانی ٹیم کی سربراہی کی ۔جوریہ خان کے علاوہ بسمہ معروف 108 ، ثناءمیر 106 اور ندا ڈار 101 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتی ہیں ۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں نے 100 ٹی ٹوینٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ، یہ بہت ہی شاندار سفر تھا ۔