اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ نے آئی نائن انڈسٹریل ایریا میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس میں چیئرمین سی ڈی اے اور میئراسلام آباد کو کل طلب کرلیا،عدالت نے اسلام آبادکو آلودگی سے پاک کرنے کا روڈمیپ بھی طلب کرلیا۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر آپ کو گنداور کوڑا ملے گا،اسلام آباد میں لاقانونیت اور بیڈگورننس ہے ،ایم سی آئی اور سی ڈی اے ملازمین نظر نہیں آتے ،لگتا ہے گھوسٹ ملازمین بھرتی کئے ہوئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آئی نائن انڈسٹریل ایریا میں ماحول کی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی ،چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ اسلام آباد کے درمیان میں آپ کا انڈسٹریل ایریا آگیا، چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ اسلام آباد میں انڈسٹریل زون بنانے کی اجازت کس نے دی؟ ،وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں انڈسٹریل زون ماسٹر پلان کا حصہ تھا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ میں نے سنا ہے اسلام آباد اور کینبرا ساتھ ڈیزائن ہوئے،سنا ہے اسلام آباد اورآسٹریلوی دارالحکومت کینبرا ساتھ ڈیزائن ہوئے، کینبرا جس ڈیزائن سے بنا وہی موجود ہے، چیف جسٹس گلزار احمدنے کہا کہ ہم نے ایک طرف کے پی کے ملا لیا اور دوسری طرف لاہور جا رہے ہیں، ہم آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کو ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اسلام آباد میں ماربل انڈسٹری لوگوں کو بیمار کررہی ہے ،پہاڑکاٹے جارہے ہیں ،چیئرمین سی ڈی اے ،میئر،ڈی جی ماحولیاتی ایجنسی ایک ساتھ مل کر حل نکالیں ،چیف جسٹس پاکستا ن نے کہا کہ محکمہ ماحولیات کے لوگ اپنے ہاتھ گرم کرکے واپس آجاتے ہیں ،سی ڈی اے اور ایم سی کچھ کرنے کو تیار نہیں ۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر آپ کو گنداور کوڑا ملے گا،اسلام آباد میں لاقانونیت اور بیڈگورننس ہے ،ایم سی آئی اور سی ڈی اے ملازمین نظر نہیں آتے ،لگتا ہے گھوسٹ ملازمین بھرتی کئے ہوئے ہیں ۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سی ڈی اے کو معلوم نہیں کس چیز سے کھیل رہا ہے ،عدلیہ ریاست کا تیسرا ستون اور سی ڈی اے ایک چھوٹا سا ادارہ ہے ،عدالت ایک حکم پاس کرے توسی ڈی اے بند اورملازمین فارغ ہو جائیں گے ،سی ڈی اے نے آئین کے تحت نہیں چلنا توقوم کو اس کی ضرورت نہیں ،سب نے اپنے کام سے سمجھوتہ کرلیا پورے ملک کا یہی حال ہے ۔
سپریم کورٹ نے چیئرمین سی ڈی اے اور میئراسلام آباد کو کل طلب کرلیا،عدالت نے اسلام آبادکو آلودگی سے پاک کرنے کا روڈمیپ بھی طلب کرلیا۔