اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں کرونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا جس کی تصدیق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کردی ہے ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا چھٹا کیس سامنے آگیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کی حالت ٹھیک ہے جس کا علاج جاری ہے ۔
دوسری جانب ترجمان وزیر اعلی سندھ کے مطابق نئے تصدیق شدہ متاثرہ شخص کی عمر 69 سال جبکہ اس شخص کا تعلق ڈسٹرکٹ شرقی سے بتایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کورونا وائرس ایمرجنسی کور کمیٹی کا اجلاس ہواجس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ (این آئی ایچ) وفاقی سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، پاک فوج کے نمائندے اور دیگر ماہرین شریک ہوئے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں، یہ ضروری ہے کہ ملک کے تمام داخلی راستوں پر آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جائے، اب تک 7 لاکھوں 60 ہزار سے زائد مسافروں کی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔