• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

لاہور اور راولپنڈی میں بارش، 5 میچ کس شہر میں کرائے جانے کا امکان ہے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست خبر آ گئی

Mar 7, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول 5 میچز بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث ان میچز کو کراچی منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں منگل سے اتوار تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے اور اس عرصے کے بعد قذافی سٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2,2 میچز کھیلنے ہیں جبکہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ایک، ایک میچ شیڈول ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ٹورنامنٹ کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے ان میچز کا انعقاد لازمی چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں نیشنل سٹیڈیم کراچی شفٹ کئے جانے کا بھی امکان ہے تاہم اس سے متعلق کسی بھی طرح کے فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 3 میچز بارش کے باعث متاثر ہو چکے ہیں۔ پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ 12 اوورز تک محدود کیا گیا تو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ منسوخ ہو گیا تھا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا گیا میچ بھی 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔