• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ، فی بیرل کتنے کا ہوگیا؟

Mar 7, 2020

ماسکو (نمائندہ خصوصی) اوپیک اور روس کے مابین کرونا وائرس کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے، مذاکرات کی ناکامی کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 9 فیصد تک کم ہوگئی ہیں جو گزشتہ تین سال کی کم ترین سطح ہے۔

روس اور اوپیک حکام کے مابین بے نتیجہ ختم ہونے والے نتائج کے باعث عالمی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کی قیمت میں ساڑھے 8 فیصد کمی آئی ہے اور یہ 42 ڈالر فی بیرل ہوگیا ہے۔ عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل 8 اعشاریہ 72 فیصد کمی کے بعد 45 اعشاریہ 63 ڈالر ہوگیا ہے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں سفر کے معاملات میں کمی آئی ہے جس کے باعث تیل کی مانگ میں کمی ہوئی ہے اور اس کی قیمت تیزی سے گر رہی ہے۔ تیل کی گرتی قیمت کو قابو کرنے کیلئے اوپیک نے روس کے ساتھ تیل کی پروڈکشن میں کمی لانے کے حوالے سے مذاکرات شروع کیے تھے جو بے نتیجہ ختم ہوئے ہیں۔