اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے ٹیکس سال 2018 اور ٹیکس سال 2019 کے کل ٹیکس گوشواروں سے متعلقہ اخباری خبروں پر وضاحت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ٹیکس سال 2018 میں 28 فروری تک 1695560 ٹیکس گوشوارے جمع ہوئے۔ ٹیکس سال 2019 کے لئے 28 فروری تک ٹیکس گوشوارے 2472609 جمع ہوئے جو کہ پچھلے سال 28 فروری تک جمع کرائے گئے گوشواروں کے مقابلے میں 45 فیصد زائد ہیں۔
ایف بی آر نے اپنی ویب سائٹ پر مزید وضاحت کی ہے کہ پچھلے سال گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جاتی رہی اور 9اگست حتمی تاریخ تھی۔ اخباری خبروں میں ٹیکس سال 2019 کی حتمی تاریخ 28 فروری تک جمع کرائے گئے گوشواروں کو ٹیکس سال 2018 کی حتمی تاریخ 9اگست تک کے گوشواروں کے ساتھ موازنہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس سال ٹیکس گوشوارے پچھلے سال کی نسبت کم جمع ہوئے ہیں۔
مزید وضاحت کی کہ ٹیکس سال 2018 کی حتمی تاریخ سے لے کر ٹیکس سال 2019 کی حتمی تاریخ تک کل عرصہ چھ ماہ کا بنتا ہے جو کہ پچھلے ٹیکس سال کے مقابلہ میں بہت کم عرصہ ہے اور چھ ماہ میں ساڑھے چوبیس لاکھ گوشوارے وصول کرنا ایف بی آر کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ پر آنے کے لئے لوگوں کی طرف سے گوشوارے جمع کرانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن حتمی تاریخ کے بعد گوشوارے جرمانہ ادائیگی کے بعد ہی جمع کرائے جا سکتے ہیں۔