کراچی(نمائندہ خصوصی)ملک بھر میں کرونا وائرس سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے سندھ حکومت نے نئی ایڈوائزری جا ری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ بچے جنہوں نے گزشتہ 15 سے 20 دن میں بیرون ملک کا سفر کیا ہے۔ ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 20 دن قبل بیرون ممالک سے آنے والے بچوں کا سکول آنا ممنوع ہے اور ساتھ ہی طلبہ کے ایسے رشتے دار جنہوں نے 15 روز قبل بیرون ملک سفر کیا وہ بھی اسکول نہیں آسکتے۔
ہیلتھ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی طالبعلم یا اسٹاف کا عملہ جس میں وائرس کی علامات ہیں تو ان کا اسکول میں داخلہ منع ہے جب کہ سانس کے امراض میں مبتلا افراد بھی اسکول میں داخل نہیں ہوسکتے۔ہیلتھ ایڈوائزری کے تحت تمام طلبہ کا ہجوم والی جگہوں پر جانا ممنوع ہے، طلبہ ایک دوسرے سے 3 فٹ کے فاصلے سے بیٹھیں جب کہ صابن، سینیٹائزرز اور پانی کا استعمال کریں۔
ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق تعلیمی اداروں میں ہیلتھ ڈیسک کا قیام ضروری ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے فی الحال صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 16 مارچ سے ہی کھولنے کا اعلان کیا ہے۔فوکل پرسن نے محکمہ صحت سندھ کے دفتر میں عام شہریوں کے داخلے پر پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ سیکرٹریٹ میں محکمہ صحت کے دفاتر میں ملازمین کےعلاوہ دیگر افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔فوکل پرسن نے کہا کہ ہم ہنگامی حالت میں ہیں جس کی وجہ سے دروازے بند کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہے جن میں سے 15 مریضوں کا تعلق سندھ (14 کراچی ایک حیدرآباد) ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے 2،2 جب کہ کوئٹہ سے ایک کیس سامنے آیا ہے۔