لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ لئے گئے ہیں۔
نجی خبر رساں ادارے سماءنیوز کے مطابق وسیم خان نے انکشاف کیا کہ پی ایس ایل میں شریک چند کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ لئے گئے ہیں اور رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے تاہم ابھی ان کھلاڑیوں کے نام نہیں بتا سکتا جبکہ مزید کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کل لئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے کرونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے شیڈول میں تبدیلی کیساتھ غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی وطن واپسی کا آپشن دیدیا ہے جس کے بعد پشاور زلمی کے کارلوس بریتھ ویٹ اور ملتان سلطانز کے ریلی روسو اپنے اپنے وطن روانہ ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ مقامی کھلاڑیوں کو بھی کہہ دیا گیا ہے کہ وہ بھی جب چاہیں لیگ سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔